اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وہ دوسری مرتبہ اس عہدے کے لیے منتخب ہوئے ہیں
حلف برداری کی تقریب اتوار کو ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی ،جس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف علی زرداری سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف،بلاول بھٹو، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ آصف علی زرداری دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے والے واحد سویلین ہیں۔
کیبنیٹ ڈویژن نے آصف علی زرداری کی بطور صدر مملکت تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی عارف علوی صدر کے منصب سے سبکوش ہو گئے ہیں۔
ہفتہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے تھے۔انہیں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔