لاہور ( نئی تازہ مانیٹرنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ”اپنی چھت،اپنا گھر“ منصوبہ کے سلسلے میں ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئےجامع پلان طلب کرلیا۔ جبکہ اس پراجیکٹ کیلئے 6 ہفتوں میں ماڈل گھر تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
پنجاب میں کم آمدنی والے افراد کو بنے بنائے گھروں کی فراہمی کے منصوبہ ”اپنی چھت،اپنا گھر“ کے سلسلے میں خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت ہوا،اس منصوبہ کے تحت 3ہزارسےزائد گھرپنجاب کے ہرضلع میں کم آمدن والے افراد کے لئےبنائے جائیں گے۔
وزیراعلی نے 6 ہفتوں میں ماڈل گھر تیار کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ڈاؤن پے منٹ اور ماہانہ قسط کم سے کم رکھی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ غریب کو چھت مہیا کرنا ہمار امنشور ہے،وعدے ضرور پورا کریں گے، کم آمدن والے بے گھر افراد کو بنے بنائے گھر دیئے جائیں گے۔
”اپنی چھت،اپنا گھر“ منصوبہ کے سلسلہ میں اجلاس میں پرویز رشید، عظمی بخاری،چیف سیکرٹری پنجاب،ایس ایم بی آر،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری ہاؤسنگ،سیکرٹری فنانس،کمشنر لاہوراوردیگر حکام نے شرکت کی۔