اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہو گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائد ایوان کے الیکشن نتائج کا اعلان کیا۔انہوں نے 201 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل عمر ایوب خان کو 92 ووٹ ملے۔
شہباز شریف نئے تشکیل شدہ 8 جماعتی اتحاد کے مشترکہ امیدوارتھے اور آج دوسری بار وزارت عظمیٰ کے منصب پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار عمر ایوب خان سے تھا۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس اتوار کوسپیکر ایازصادق کی صدارت میں ہوا۔
گزشتہ روزدونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے گئے، جنہیں اسپیکر ایاز صادق نے جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دیا تھا۔
شہباز شریف کی جانب سے 8 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جبکہ عمر ایوب خان کی طرف سے4 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، جن پر مختلف تجویز کنندگان اور حمایت کنندگان کے دستخط تھے۔
اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں واضح برتری حاصل کرنے کے بعد 8 جماعتی اتحاد وزیراعظم کا عہدہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں 24ویں قائد ایوان کے لیے انتخابی عمل مکمل ہونے پراسپیکر ایاز صادق نے شہباز شریف کی کامیابی کا اعلان کیا۔
یاد رہے اس سے قبل عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شہباز شریف نے 11 اپریل 2022 کو بطوروزیراعظم حلف اٹھایا تھا۔