اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 15 مانسہرہ سے انتخابی عذرداری کیس میں نواز شریف کی درخواست خارج کردی۔
الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ کی نشست پر دوبارہ الیکشن سے متعلق سابق وزیراعظم، مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کی درخواست پر گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بدھ کے روز سنایا۔
ای سی پی نے انتخابی عذرداری کیس میں (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو تین روز میں حلقے کا حتمی نتیجہ مرتب کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے مقابلہ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کا میاب ہوئے تھے ۔
نتائج کے مطابق آزاد امیدوار گستاسب خان کو 105249 جبکہ نواز شریف کو 80382 ووٹ ملے تھے۔ تاہم الیکشن نتائج کو نواز شریف کی طرف سے چیلنج کیا گیا تھا اور حلقے میں دوبارہ الیکشن کی دوخواست کی گئی تھی جسے الیکشن کمیشن نے خارج کر دیا ہے۔