لاہور( نئی تازہ رپورٹ) مسلم لیگ ن کے ملک محمد احمد خان پنجاب اسمبلی کے نئے اسپیکر منتخب ہو گئے ۔
ہفتہ کواسپیکر سبطین خان کی صدارت میں پنجاب اسمبلی اجلاس کا اجلاس ہوا۔
مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ایوان میں آمد پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے نعرہ بازی کی جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی طرف سے بھی نعرے بازی کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے مزید 4 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا ۔
نماز مغرب کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہونے پر نئے اسپیکر کے انتخاب کا عمل شروع کیا گیا اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے 3 پولنگ بوتھ بنائے گئے، جہاں 322 ارکان نے خفیہ رائے شماری کے عمل میں حصہ لیا ۔
ملک محمد احمد خان 224 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو ئے وہ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار تھے، جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے اسپیکر کے امیدواراحمد خان بچھرنے 96 ووٹ حاصل کیے ۔ دو ووٹ مسترد کر دیئے گئے،اسپیکر سبطین خان نے نتائج کا اعلان کیا ۔ انہوں نے نئے سپیکر سے حلف لیا۔
بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں ن لیگ کے ظہیراقبال اورسنی اتحاد کونسل کے معین ریاض قریشی میں مقابلہ ہوا۔