لاہور( نئی تازہ مانیٹرنگ) پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ 23 فروری کوطلب کر لیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ارکان سے حلف لیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل( جمعہ) صبح 10بجے ہو گا، صوبائی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نئے منتخب ہونے والے ارکان حلف اٹھائیں گے۔
نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد اسپیکر کی طرف سے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کا شیڈول دیا جائے گا۔ کاغذات فائنل ہونے کے ایک دن بعد انتخاب ہوگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد نو منتخب اسپیکر وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے۔
ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے حالیہ انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی پہلی اسمبلی ہے جس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔جبکہ اب تک کسی دوسری صوبائی یا قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا گیا
یہ بھی پڑھیں : چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز مہم، راولپنڈی کا شہری گرفتار
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن سب سے زیادہ نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے، جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں تاہم اب پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کا اعلان کر چکی ہے، جبکہ کئی آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شامل ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سنی اتحاد کونسل کا ماضی ، حال اور تحریک انصاف سے قربت کی کہانی
نامزد وزیراعلی مریم نواز کی جاتی امرا رائیونڈ میں سرکاری شخصیات سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
جمعرات کو میڈیا رپورٹ کے مطابق مریم نواز سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی ملاقات ہوئی، ملاقات میں نامزد وزیر اعلیٰ صوبے کے انتظامی امور و امن و امان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مریم نواز سے پنجاب کے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ اور دیگر صوبائی سیکرٹریز نے بھی ملاقات کی۔