اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سنی اتحاد کونسل نے پی ٹی ائی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد الیکشن کمیشن کے نام خط میں مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا مطالبہ کر دیا۔
ای سی پی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 50 کامیاب آزاد امیدوار اب تک سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوچکے ہیں، جن کے نوٹی فکیشن 16 فروری کو جاری ہوئے تھے۔
خط میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سنی اتحاد کونسل کا ماضی ، حال اور تحریک انصاف سے قربت کی کہانی
پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی قومی، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کریں گے۔
بیرسٹر گوہر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب، رؤف حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔