پاکستان کے بارہویں عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ شروع ہوگئی۔
پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے انتخابی فہرستوں میں درج ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر مہیا کیے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 855 حلقے ہیں جن کیلئے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار ہیں۔ قومی اسمبلی کی 265 نشستوں پر الیکشن ہو گا۔
882 خواتین امیدوارمیدان میں ہیں، جبکہ 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ملک بھر میں12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرزرجسترڈ ہیں جو اپنے حلقوں میں حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ حالیہ الیکشن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات کے لیے خصوصی سکیورٹی فیچرز کے حامل 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں جن میں سے 27 ہزار 628 کوحساس اور 18 ہزار 437 کع انتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔
الیکشن 2024 کے لیے 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پرتعینات ہوں گے، جن میں پولیس، پیرا ملٹری فورسزاور پاک فوج بطورکوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے الیکشن نتائج مرتب کرنے کیلئے رزلٹ منیجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) متعارف کرایا ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ سسٹم انٹرنیٹ نہ ہونے کے باوجود فعال رہے گا۔