اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے 19 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
پنجاب،بالائی سندھ، اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بدھ کو بھی شدید دھند کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موسمی وجوہات کی وجہ سے 19 پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں جبکہ 5 طیاروں کو متبادل ایئرپورٹس پرلینڈنگ کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب زمینی راستے بھی دھند کی وجہ سے متاثر ہیں ،موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کر دی گئی، موٹر وےایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم 3 فیض پور سے سمندری اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دھند کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہے اور سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں جبکہ کئی پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس پر اتارا گیا ہے۔