پاکستان نے ایران میں موجود بلوچ دہشتگردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایران کی حدود میں موجود بلوچ دہشتگرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہوں اور کیمپوں کو پاکستان نے جدید ویپن سسٹم سے نشانہ بنایا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کم از کم 7 مقامات کو نشانہ بنایا گیا، حملوں کا نشانہ بننے والے دہشت گردوں کے کیمپ ایرانی حدود میں کئی کلومیٹر اندر قائم تھے ، کارروائی میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، فوری طور پر ایران کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا تھا۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان، ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ، اس حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہوگئی تھیں،دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔