پشاور( نئی تازہ رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی الیکشن سے دستبردار ہوگئے اور پارٹی کو ٹکٹ بھی واپس کردیا۔
بدھ کوپشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی کے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
وکیل عبدالحکیم مومند کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ اعظم سواتی الیکشن سے دستبردار ہو گئے ہیں اور انہوں نے ٹکٹ واپس کر دیا ہے۔ جس پر جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ جب اعظم سواتی الیکشن ہی نہیں لڑ رہے تو وہ پھر درخواست واپس لے لیں۔جس کے بعد
عدالت نے اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست نمٹادی۔
واضح رہے کہ اعظم سواتی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے خلاف الیکشن لڑنا چاہتے تھے ، مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن صفدرکی طرف سے ان کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔