لاہور( نئی تازہ رپورٹ) لاہورپولیس نے پڑوسیوں کے گھر سے پانچ ماہ کا بچہ اغوا کر کے 2 لاکھ روپے میں فروخت کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ آسیہ بہانے سے محلے دار تہمینہ کے گھر گئی اورپانچ ماہ کے بچے کو کپڑوں کی گٹھڑی میں رکھ کر فرار ہو گئی، ملزمہ نے اپنے خاوند شہباز سے ملکر بچے کو شہریار اور اس کے والد اشرف سے طے شدہ ڈیل کے تحت 2لاکھ روپے میں فروخت کر دیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش نے بتایا کہ ملزمان بچے کو لے کر نتھوکی گاؤں فرار ہو گئے تھے، ملزمہ آسیہ ملزمان کے گھر میں ملازمہ تھی اور پہلے سے ان کے ساتھ ڈیل چل رہی تھی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق پولیس ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان تک پہنچی اور اغوا شدہ بچے کو بازیاب کرکے چار ملزمان کو گرفتار کیاگیا،انہوں نے بتایا کہ مدعیہ تہمینہ کے گھر 13سال سے اولاد نہ تھی اور یہ اپنے بھائی سے بچہ لے کر پال رہی تھی۔
بچے کی بحفاظت بازیابی پر ورثا نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کا ان کے دفتر آ کر شکریہ ادا کیا، جبکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کی طرف سے بچے کو بازیاب کرانے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔