لاہور( نئی تازہ رپورٹ)الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیراعظم،مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی ۔
الیکشن ٹربیونل کےجج جسٹس احمد ندیم ارشد نے کاغذات مظوری کے خلاف اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے آر او کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
نوازشریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی طرف سے اپیل دائرکی گئی تھی۔جس پر الیکشن ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے اپیل مسترد کر دی۔ ٹریبونل نے قائد مسلم لیگ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کی توثیق کردی ہے۔
ایک اور پیش رفت میں الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے امیدوار ندیم شیروانی نے مریم نواز کے کاغذات منظوری کے خلاف ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔تاہم الیکشن ٹریبونل نے اپیل خارج کردی۔
الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے مریم نواز کے کاغذات منظوری کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ درست قرار دیا ہے۔