اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی نے استعفیٰ دے دیا، انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے
جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت زیر سماعت ہے، انہوں نے بدھ کو ہی کونسل کواس سلسلہ میں اپنا تفصیلی جواب جمع کرایا تھا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت عارف علوی کو بھجوایا جس میں کہا گیا ہےکہ موجودہ حالات میں میرے لیے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں آج ( 10 جنوری) سے بطور جج سپریم کورٹ مستعفی ہو رہا ہوں ، میں نے لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں فرائض انجام دیے جو ایک اعزاز ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ نے جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم کورٹ میں آئینی درخواست پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی خصوصی بینچ نے سماعت کی تھی، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔