اسلام آباد(نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات جاری کرتے ہوئے تفصیلات ریٹرننگ افسران کوبھجوا دی ہیں، فہرست میں پی ٹی آئی کا نام اور بلے کا نشان شامل نہیں ہے۔
ای سی پی کی جانب سے ریٹرننگ اور ضلعی ریٹرننگ افسران کوارسال کیے گئے مراسلے میں 145 جماعتوں کے نام اور اُن کے انتخابی نشان شامل ہیں، الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ہر سیاسی جماعت کے نامزد امیدواروں کے سوا کسی آزاد امیدوار کو اس پارٹی کا نشان نہ دیا جائے ۔
ای سی پی کی فہرست میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا نام اور بلے کا انتخابی نشان شامل نہیں ہے۔
فہرست میں شامل 145 سیاسی جماعتوں میں سےپاکستان پیپلزپارٹٰی پارلیمنٹیرین کو تیر، پاکستان مسلم لیگ ن کو شیر، استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب، متحدہ قومی موومنٹ کو پتنگ، جمعیت علما اسلام کو کتاب، جماعت اسلامی کو ترازو اور پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز،بلوچستان نیشنل پارٹی کو کلہاڑی، تحریک لبیک پاکستان کو کرین، پاکستان عوامی پارٹی کو آنکھ اور پاکستان عوامی راج کو جھاڑو کا انتخابی نشان جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ پارٹی کا جاری کردہ ٹکٹ جمع کرانے والے امیدواروں کو فہرست کے مطابق متعلقہ جماعتوں کے انتخابی نشان دیئے جائیں۔
پی ٹی آئی سمیت کئی دیگرسیاسی جماعتوں کا کا نام انتخابی نشانات والی فہرست میں شامل نہیں،ان سیاسی جماعتوں کے نشانات انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے اور دیگر بے ضابطگیوں کی بنا پرکے باعث روکے گئے ہیں۔
جن دیگرجماعتوں کو نشان جاری نہیں کیے گئے ان میں میں آل پاکستان تحریک ،عوامی پارٹی پاکستان ،سنی تحریک ،بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی شامل ہیں۔اسی طرح سب کا پاکستان،نظام مصطفیٰ پارٹی ،نیشنل پیس کونسل پارٹی کو بھی انتخابی نشان جاری نہیں کیا گیا ۔