راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) پاک فوج نےعام انتخابات 2024 میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں سیکیورٹی کی صورتحال اور سماجی واقتصادی ترقی کے امور بارے تبادلہ خیال ہوا ، اس کے ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔
کانفرنس کے شرکا نے سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت حکومتی کوششوں کی حمایت کی، کانفرنس کے دوران اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا گیا، بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج جرائم کی روک تھام کے لیے سرکاری اداروں سے تعاون کا اعادہ کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والےدہشت گردوں، سہولت کاروں سے مکمل طاقت سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کے لیے خطرناک اور باعث تشویش قرار دیا گیا۔
کور کمانڈرزکانفرنس میں بھارتی فوج کےہاتھوں شہریوں کے اغوا و تشدد کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ،ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں اوریہ ان بہادر کشمیریوں کے جذبے کو پست نہیں کر سکتیں جو اپنے جائز حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی، غزہ میں جنگ بندی اور تنازعے کے پر امن حل کے حکومتی مطالبے کےمؤقف کا اعادہ بھی کیا۔
بیان کے مطابق فورم کو آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔