اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سعودی عرب نے پاکستانی معیشت کے استحکام کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی۔
اسٹیٹ بینک کے بیان کے مطابق سعودی فنڈ برائے ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے، اس ڈپازٹ کی مدت 5 دسمبر 2023ء کو مکمل ہوناتھی۔
یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اکائونٹ میں جمع ہے۔ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کا تسلسل ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سعودی عرب کے اس اقدام سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو برقرار رکھنے اورملک کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔
3 ارب ڈالر کا یہ ڈپازٹ معاہدہ ابتدائی طور پر سال 2021ء میں ایس ایف ڈی کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ طے پایا تھا۔
سعودی شاہی فرمان جاری ہونے کے بعد 2022ء میں اس کا دوبارہ اجرا ہوا تھا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کا عکاس ہے۔