اسلام آباد (نئی تازہ رپورٹ) پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف کی سطح پر معاہدہ طے پا گیا، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 70 کروڑ ڈالرکی رقم جاری کر دیئے جائیں گے۔
آئی ایم ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے تمام معاشی اہداف حاصل کر لیے، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔
3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی معاہدے کے پہلے جائزہ کی کامیابی سے تکمیل پرآئی ایم ایف نے پاکستانی حکام سے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ مارکیٹ بنیاد پر ایکسچینج ریٹ پر عمل جاری رکھنے کا وعدہ کیا گیا ہے، جبکہ سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اصلاحات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق 70 کروڑ ڈالر ملنے سے پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہو جائے گی۔
بیان کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی بحالی کا عمل جاری ہے، دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام آرہا ہے۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ وفاقی بجٹ پر عملدرآمد سے پالیسیوں میں تسلسل آیا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی گئی، پاکستان مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ جاری رکھے گا، ایکسچینج مارکیٹ پر دباؤ کم ہو رہا ہے۔
آئی ایم ایف کے بیان کے مطابق ناتھن پورٹر کی سربراہی میں ادارے کے وفد نے 2 سے 15 نومبر 2023 تک اسلام آباد کا دورہ کیا جس کا مقصد آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے تحت پاکستان کے معاشی پروگرام کے پہلے جائزے پر مذاکرات کرنا تھا۔
۔