دوحہ( نئی تازہ مانیٹرنگ) اسرائیل اور حماس کے مابین اہم پیش رفت میں قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی حراست میں فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا جبکہ حماس زیر حراست 100 اسرائیلی قیدی رہا کرے گا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے قطر کی جانب سے کوششیں کی جارہی تھیں،رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے مابین معاہدہ انسانی بنیادوں پر طے پایا ہے۔
عرب ٹی وی نے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان قطر میں جاری کئی روز کے مذاکرات کے بعد قیدیوں کا تبادلہ طے پا یا،
میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے زیر حراست 241 اسرائیلی موجود ہیں جبکہ گذشتہ دنوں حماس نے 4 یرغمالیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پررہا کردیا تھا۔
اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر 4 گھنٹے کیلئے جنگ بندی پر اتفاق ہونا ایم پیش رفت ہے۔
وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے بتایا کہ غزہ سے نقل مکانی کیلئے دو راہداریاں قائم کی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ غزہ کےشہریوں کو امداد کی فوری ضرورت ہے ، انسانی امداد کو غزہ کے تمام علاقوں میں پھیلا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ رفح کراسنگ سے 106 سے زائد امدادی ٹرک گزشتہ روز غزہ امداد لے کر پہنچے ہیں ، رفح کراسنگ کوانسانی امداد کی آمد کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہریوں کی محفوظ روانگی کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔