راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ ) پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ پاک فوج نے ناکام بنادیا ،جوابی کارروائی اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ہفتہ کو علی الصبح میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنانے کے بعد آس پاس کے علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کیا گیا۔
بیان کے مطابق الحمدللہ پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے تمام 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
بیان کے کے مطابق حملے کے دوران پی اے ایف کے کارآمد فعال اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،صرف 3 غیرفعال طیاروں کو ہی کچھ نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں واضح کیا گیا کہ آپریشن کا فوری اور پیشہ ورانہ اختتام امن کے تمام دشمنوں کے لیے ایک واضح یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں اور کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر دہشتگردوں نے ہفتہ کو علی الصبح حملے کی کوشش کی جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کر کے ناکام بنا دیا، اور اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
بیان کے مطابق غیرمعمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ تین کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران پہلے سے گراؤنڈ 3 طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا ، اس دوران ایک فیول باؤزر بھی متاثر ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیاتھا کہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے ایک جامع مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔