راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) پاک فوج نے پاکستان ائیرفورس ( پی اے ایف) ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر دہشتگردوں نے ہفتہ کو علی الصبح حملے کی کوشش کی جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کر کے ناکام بنا دیا، جبکہ اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق غیرمعمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ تین کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران پہلے سے گراؤنڈ 3 طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا ، اس دوران ایک فیول باؤزر بھی متاثر ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے ایک جامع مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔