راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پولیس کو سابق وزیر داخلہ ،سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پیر کولاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے آر پی او سے استفسار کیا کہ شیخ رشید اور ان کے ساتھ دیگر دوافراد کہاں ہیں؟ آپ لکھ کر عدالت کو دینگے یا شیخ رشید کو پیش کرینگے؟ جس پر آر پی او نے عدالت سے 15 دن کا وقت مانگ لیا۔
جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ 15 دن بہت زیادہ ہیں یہ عام معاملہ نہیں، دو دن کی مہلت بھی زیادہ ہوگی۔
بعد ازاں جسٹس صداقت علی نے وکیل درخواست گزار سردار عبدالرازق کے کہنے پر مزید 7 دن کی مہلت دے دی، عدالت نے کہا کہ شیخ رشید ایک ہفتے کے اندر پیش نہ ہوئے تو ایف آئی آرکا حکم دیں گے ۔
بعد ازاں کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔