لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب حکومت نے آشوب چشم کی وبا کی وجہ سے سرکاری اور پرائیویٹ سکول جمعرات سے اتوارتک بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ سکولز ایجوکیشن نے صوبہ بھر کے سکول 28 اور 30 ستمبر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول راوی روڈ لاہورکا دورہ کیا آشوب چشم سے متاثرہ بچوں کی حاضری پر نگران وزیراعلیٰ نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری سکولز کو طلب کر کے صوبہ بھر کے اسکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کو چھٹی دینے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ 29 ستمبر کو عیدمیلادالنبی کے موقع پرعام تعطیل ہے ۔ اس طرح تمام سکول جمعرات سے اتوار تک بند رہیں گے ۔
سیکرٹری اسکولز کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ فیصلہ پنجاب میں آشوب چشم کی وبا سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، جس کا اطلاق پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں پر ہوگا۔