سیالکوٹ / لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) چار ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ اینکر پرسن عمران ریاض خان بحفاظت بازیاب ہو گئے ۔
سیالکوٹ پولیس نےایکس ( ٹویٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ صحافی، اینکرعمران ریاض خان کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے او اب وہ اپنے خاندان کے ساتھ ہیں۔
یوٹیوبر اور ٹیلی ویژن اینکرعمران ریاض کو 9 مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کے دو دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد انہیں آخری بار تھانہ کینٹ اور بعد ازاں سیالکوٹ جیل لے جایا گیا۔ 15 مئی کو ایک لاء آفیسر نے لاہور ہائی کورٹ کو بتایا کہ اینکر پرسن کو تحریری حلف نامے کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ ان کا ٹھکانہ ابھی تک نامعلوم ہے۔
بعد ازاں اینکر پرسن کے والد محمد ریاض کی شکایت پر 16 مئی کو سیالکوٹ سول لائنز پولیس میں عمران کے مبینہ اغوا کی ایف آئی آر درج کی گئی۔
آئی جی پولیس ڈاکٹرعثمان انور اور سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) حسن اقبال نے تصدیق کی ہے کہ عمران ریاض اب اپنے گھر پر محفوظ ہیں۔