اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات 6 نومبر کو کرانے اور اس بارے میں اعلی عدلیہ سے رجوع کرنے کی تجویز دے دی۔
صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط ارسال کیا ہے جس میں الیکش کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔
صدرنے کہا کہ نو اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، آرٹیکل 48 کی شق 5 کے تحت صدر مملکت کویہ اختیارحاصل ہے کہ 90 روز کے اندر تاریخ مقرر کرے۔
صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں کہا کہ عام انتخابات قومی اسمبلی کی تحلیل کے 89 ویں روز یعنی 6 نومبر کو ہوجانے چاہئیں، صدر نے کہا کہ آپ کو ملاقات کے لیے دعوت دی تھی کہ مل کر آئین پر عمل درآمد کا طریقہ کار وضع کریں ، تاہم آپ نے اس کے برعکس موقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ وزارت قانون بھی الیکشن کمیشن جیسی رائے رکھتی ہے،آئین کی تمام شقوں، سیاسی جماعتوں کی مشاورت، صوبائی اسمبلیوں کے موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تجویز کرتا ہوں کہ وہ عام انتخابات کے معاملے پر اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے۔