اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں معاشی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کر لیا گیا۔
وزیرِ اعظم آفس سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں ملک کی معاشی بحالی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، نگران وفاقی کابینہ کے ارکان، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام شریک ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزرا نے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ملک میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں معاشی اور انتظامی چیلنجز سےنمٹنے اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے روڈ میپ وضع کیا گیا۔
اجلاس کو قواعد مؤثر اور تیز بنانے کے جامع پلان بارے بریفنگ دی گئی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدت کی منصوبہ بندی پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عملی اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان پر عمل درآمد مقررہ مدت میں یقینی بنایا جائے اور وزرا ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں۔
نگران وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کو ہدایت دی کہ اس بات سے قطع نظر کہ عبوری حکومت کے پاس کتنا وقت ہے آپ اپنی جانب سے بہترین نتائج دیں اور مستقبل کی حکومت کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں، انوار الحق کاکڑنے کہا کہ نگران حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے ، ان اقدامات سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عمل درآمد میں آسانی ہوگی۔