اٹک ( نئی تازہ مانیٹرنگ)عدالت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کیسز کی سماعت کے لیے قائم عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے بدھ کو اٹک جیل میں کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کے سامنے لایا گیا حاضری لگائی گئی۔ عدالت نے حاضری لگانے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔
سماعت کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کیسز کی سماعت کے لیے قائم عدالت جج ابو الحسنات ذوالقرنین اٹک جیل سے روانہ ہو گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی ہے۔ جس پر خصوصی عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔ ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر اور پی ٹی آئی وکلا دلائل دیں گے۔
عمران خان کے وکلا کی جانب سائفر کیسکھلی عدالت میں چلانے اور وزارت قانون کا جیل ٹرائل کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دینے کی بھی درخواستیں دائر کی گئیں ہیں۔
حکومت نے سائفر کے گم ہونے اور اسے عوامی سطح پر لانے پر سابق وزیر اعظم کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ وزارت قانون نے سکیورٹی خدشات کے باعث آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیس کی سماعت اٹک جیل میں ہی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔