راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط دیوارکی طرح کھڑا ہے، عالمی برادری کو پاکستانی قوم کی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہارورڈ یونیورسٹی، امریکا کے 38 طلباء پر مشتمل گروپ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
سوال وجواب کے سیشن کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کے معاملات اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے کردار پر اظہار خیال کیا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی اظہار خیال کیا، اور وفد کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آبادیاتی تبدیلی بارے آگاہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہاورڈ یونیورسٹی امریکہ کے طلباء نے تعمیری بات چیت کیلئے آرمی چیف کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔