اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ)خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت اسلام آباد میں قائم کی گئی ملک کی پہلی خصوصی عدالت میں پیر کوسائفر معاملہ میں گرفتار وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو پیش کیا گیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس کی ان کیمرا سماعت کی، اس دوران کمرۂ عدالت میں موجود تمام غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا، عدالت کے باہر پولیس تعینات کردی گئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے عدالت سے شاہ محمود قریشی کے13 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے 25 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت قانون کے مطابق ان کیمرا ہو گی۔