فیصل آباد( نئی تازہ رپورٹ) ایم فور موٹر وے پر پک اپ وین اور مسافر کوچ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑکنے سے 16 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے اسلام آباد جارہی تھی کہ پنڈی بھٹیاں کے قریب حادثہ پیش آگیا، بتایا گیا ہے کہ پک اپ وین ڈیزل لے کر جارہی تھی۔
حکام کے مطابق مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں بس اور پک اپ وین کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں احسان ظفرکے مطابق حادثہ صبح سوا چار بجے کے قریب پیش آیا۔
انہوں نےبتایا کہ حادثے کے بعد آگ لگ گئی اور دونوں گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں،حادثے کا شکار پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی۔
موٹروے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس میں پنڈی بھٹیاں کے قریب آگ بھڑک اٹھنے سے متعدد افراد موقع پر جان بحق ہوگئے۔
بیان کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی ) کی بروقت امدادی کاروائیوں کے نتیجے میں 15 مسافروں کو ریسکیو کر کے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ جائے حادثہ پر پہنچے ، امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور حادثے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق آئی جی این ایچ ایم پی کے ہدایات پر ایمر جنسی ڈیک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ حادثے سے متعلق معلومات کے لئے 03414264514 اور 03457874124 پر رابطہ کریں۔