اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے نگران سیٹ اپ بارے تمام جماعتوں سے مشاورت کرونگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ا نگران وزیر اعظم کے نام کے لیے جمعہ سے مشاورت ہو گی اور2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔
عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریفنے بتایا کہ اسمبلی تحلیل بارے تمام اتحادیوں اور سیاسی قائدین سے مشاورت ہو گئی ہے، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے بھی مشاورت کر لی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جو کانٹے بوئے تھے وہ ہمیں ہٹانا پڑے، ایک شخص کی ضد نے ہر ادارہ اور شعبہ تباہ کر دیا تھا، اتحادیوں کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا، آج ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سے نکال لیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل صراط بھی عبور کیا، کوشش ہے کہ سب کیلئے قابل قبول نگران سیٹ اَپ تشکیل دیا جائے۔
عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔