گوجرانوالہ( نئی تازہ رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ نے وزیرداخلہ راناثنااللہ کو چیف سیکرٹری کو دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں بری کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے مدعی کے منحرف ہوجا نے پر رانا ثناء اللہ کو کیس سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے آج منگل کو وفاقی وزیر داخلہ کو طلب کر رکھا تھا۔
یاد رہے کہ سرکاری افسران اور ان کی فیملیز کو دھمکانے کے الزام میں رانا ثنا اللہ کیخلاف اگست 2022 میں تھانہ انڈسٹریل ایریا گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت گوجرانوالہ میں پیش ہوئے، پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
رانا ثناء اللہ کے خلاف گجرات کے تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں درج گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں چیف سیکرٹری اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
گزشتہ سماعت کے موقع پر عدالت نے رانا ثناء اللہ کو بذریعہ پولیس طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔
عدالت نے رانا ثنا اللہ کے ساتھ ان کے ضمانتی رانا سعد کو بھی 25 جولائی کو طلب کیا تھا۔
وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت پرویز الٰہی کی وزارت اعلیٰ کے دور میں 5 اگست 2022ء کو ق لیگ کے مقامی رہنما شاہ کار اسلم کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔