اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) محکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد علاقوں میں 24 جون تک دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کی پیش گوئی کر دی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب،بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت معمول کی نسبت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی اس شدت کے دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے تاہم یہ بارش محض وقتی ریلیف ہی ثابت ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب بھی بڑھ جائے گی‘ جبکہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دن کے وقت بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب بھی بڑح گئی ہے اور بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے زیادہ ہو گیا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ صارفین کی ضروریات کے مقابلے میں بجلی کی پیداوار 6ہزار میگا واٹ کم ہے
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ایک روز قبل بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 469 میگاواٹ جب کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ رہی۔
ذرائع کے مطابق پن بجلی کی پیداوار7 ہزار 120 میگاواٹ ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے پیداوار 553 میگاواٹ ب، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 8 ہزار 177 میگاواٹ رہی، جب کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار ایک ہزار 296 میگاواٹ تھی۔
ذرائع کے مطابق سولر بجلی گھروں سے پیداوار نہیں ہو رہی ، بگاس سے 156 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جب کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار167 میگاواٹ بجی پیدا ہو رہی ہے۔ ملک کے اکثر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔