نئی دہلی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران بھارت کے شمالی حصوں میں شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے کم از کم 98 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اتر پردیش میں اب تک 54 اورریاست بہار میں 44 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے اکثر افراد کی عمر 60 یا اس سے زائد بتائی جا رہی ہے، بہار کے 15 اضلاع ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
طبی ماہرین کی طرف سے دن کے اوقات میں 60 سال سے زائد کی عمر کے افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین روز میں کم از کم 400 افراد کو اتر پردیش کے بلیا ضلع کے ایک ہسپتال میں بخار، سانس لینے میں تکلیف اور دیگر طبی پیچیدگیوں کی شکایت کے ساتھ داخل کرایا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں اور عملے کے لیے ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے بچنے کے لیے ہسپتال میں پنکھے، کولر اور ایئر کنڈیشنر کا انتظام کیا گیا ہے۔
مریضوں کی بڑی تعداد کی آمد کے باعث ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
ایک اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ بڑی تعداد میں مریضوں کے ہسپتال میں آنے سے ہمیں اب اسٹریچرز کی کمی کا سامنا ہے۔
مقامی میڈیا نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ علاقے میں درجہ حرارت معمول سے 4.7 ڈگری زیادہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست بہار میں شدید گرمی کی وجہ سے 44 افراد ہلاک ہوگئے۔