اسلام آباد /لندن ( نئی تازہ رپورٹ) حکومتی اداروں نے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث پاکستانی شہریت کے حامل 500 سے زائد اوورسیزکی شناخت کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے 9 مئی سے جڑے ہنگامہ آرائی ، تشدد اور ریاست مخالف واقعات اور سرگرمیوں کی تحقیقات کا دائرہ تارکین وطن پاکستانیوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں سوشل میڈیا کے ذریعے ایسے عمل پر اکسانے ، معاونت کرنے اورپراپیگنڈہ کرنے میں ملوث افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ شناخت کیے گئے افراد کے کال ریکارڈ، سوشل میڈیا سرگرمی، ٹریول ہسٹری، مالیاتی لین دین، امیگریشن اسٹیٹس اور دیگر متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جارہا ہے جس کی روشنی میں ان افراد کی حوالگی کیلئے رابطہ کیا جائے گا اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔