لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے ماضی کے اہم رہنما جہانگیر خان ترین نے نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کا اعلان کر دیا۔
جمعرات کولاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا قوم کو امید کا قومی بیانیہ دینے والی قیادت کی ضرورت ہے اور اسی لیے اس نئی جماعت کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔
جہانگیر خان ترین نے کہا کہ یہاں موجود تمام لوگ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ جمہوری نظام اسی صورت میں مضبوط ہو سکتا ہے جب حکومت اور اپوزیشن اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور ان پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید لوگ بھی ہماری جماعت میں شامل ہوں گے اور آنے والے الیکشن میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
جہانگیر ترین نے بتایا کہ مستقبل قریب میں جماعت کا عوامی ایجنڈا منظر عام پر لایا جائے گا۔
انہوں نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے کے لیے سب نے مل کر محنت کی۔
پریس کانفرنس کے موقع پر جہانگیر ترین کے ہمراہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں اورسابق ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد موجود تھی۔