انقرہ ( نئی تازہ رپورٹ) ترکیہ کے نو منتخب صدر رجب طیب اردوان نے حلف اٹھا لیا۔
مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے والےطیب اردوان سے گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت متعدد ممالک کے وزرائے اعظم اورسربراہان مملکت شریک ہوئے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف گذشتہ شب ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ پہنچ چکے تھے۔
طیب اردوان نے 28 مئی کو ایک مضبوط اپوزیشن اتحاد کے خلاف رن آف الیکشن میں کامیابی حاصل کی، سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 52.18 فیصد جبکہ ان کے سیکولر حریف کمال کلیچ دار اوگلو نے 47.82 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
عالمی میڈیا کے مطابق سب سے طویل عرصے تک برسراقتدار رہنے والے ترکیہ کے رہنما طیب اردوان کو اپنی تیسری مدت کے دوران فوری اور بڑے چیلنجز کا سامنا ہوگا جس کی وجہ ملک کی زوال پذیر معیشت اور مغربی ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی میں تناؤ ہے۔