راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) پولیس نے 9 مئی اور 10 مئی کو جی ایچ کیو اور دیگرحساس تنصیبات پر حملوں کے الزام میں 500 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے جی ایچ کیو اور دیگر حساس تنصیبات پر حملوں کے الزام میں 532 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
حراست میں لئے گئے افراد کے حملوں میں کردار کی تصدیق کے بعد اس بات کا تعین کیا جا ئے گا کہ ان افراد پر آرمی ایکٹ 1952 کے تحت مقدمہ چلایا جائے یا نہیں، ذرائع کے مطابق تصدیق ہونے پر مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجے جائیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال پولیس کے پاس درج ایف آئی آرز کی بنیاد پر ان افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، 532 میں سے 374 افرا د کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 7 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے جی ایچ کیو حملہ کیس کی تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی اور مشتبہ افراد کی تصدیق کا عمل جاری ہے جن میں 2 خواتین بھی شامل بتائی گئی ہیں۔