لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پی آئی اے نے جاری حج اپریشن کے دوران 9 ہزار عازمین حج کولاہور سے سعودی عرب پہنچا دیا۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق 33 پروازوں کے ذریعے 9 ہزار عازمین حج ھجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 743 سے 327 عازمین حج مدینہ منورہ روانہ ہوئے تھے۔
ترجمان نے کہا کہ حج آپریشن کے دوران لاہور سے 41 پروازوں سے11 ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔
پی آئی اے ترجما ن نے بتایا کہ عازمین کو سعودی عرب پہنچانے کا آپریشن 22 جون کو مکمل ہوگا، جبکہ حاجیوں کو واپس لانے کے لیے فضائی آپریشن 2 جولائی سے شروع ہو گا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔
حج آپریشن کے ذریعے 42 ہزار 811 حجاج کرام مدینہ پہنچیں گے، پاکستان بھر سے مختلف پروازوں کے ذریعے 38 ہزار 419 حجاج کرام کو جدہ پہنچایا جائے گا۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے 40 ہزار 700 حجاج کرام کو حجاز مقدس پہنچائے گی جبکہ سعودی ایئر لائن کے ذریعے 36 ہزار حجاج کرام سعودی عرب پہنچیں گے۔
ایئر بلو 2 ہزار 250 جبکہ سیرین ایئر لائن 2 ہزار 280 عازمین کو سعودی عرب پہنچائے گی۔
لاہور سے 17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے 468 اور سکھر سے 941 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔