واشنگٹن ( نئی تازہ رپورٹ) ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 213 ملین ڈالر(21 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) فنانسنگ کی منظوری دیدی۔
بینک کےمطابق رقم بلوچستان کےسیلاب متاثرہ علاقوں میں روزگار،ضروری خدمات فراہمی پرخرچ ہوگی،صوبے کی آبادی کو قدرتی آفات کے خلاف تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ 35 ہزار 100 افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے گرانٹ دی جائے گی۔
عالمی بینک کےکنٹری ڈائریکٹرناجے بینہیسنکے مطابق اس رقم سے بلوچستان میں مجموعی طورپر 27 لاکھ متاثرہ افراد کو فائدہ پہنچے گا، یہ مالی پیکیج پوسٹ فلڈز بحالی پروگرام کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر کمیونٹی کی مدد کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکرکام کررہےہیں، متاثرہ آبادی کوروزگار، زراعت اورانفرا اسٹرکچر کی تعمیرمیں مدد دی جارہی ہے۔
عالمی بنک کے سینئر واٹر سپیشلسٹ یورو سدیبے نے کہا کہ بلوچستان اپنے جغرافیائی محل وقوع، سماجی و اقتصادی پس منظر اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خاص طور پر قدرتی آفات کا شکار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سماجی شمولیت اور شرکت کو یقینی بناتے ہوئے متاثرہ کمیونٹیز کو معاشی مواقع فراہم کرنے میں معاون ہو گا اور مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور تیاری کے حوالے سے ادارہ جاتی صلاحیت کو بھی مضبوط کرے گا۔