اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وزارت دفاع نے سانحہ 9 مئی کے ذمےداروں کیخلاف کیسز کی سماعت کے لیے ابتدائی طور پر 5 فوجی عدالتوں کے قیام کی تجویز دے دی۔
نجی ٹی وی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سانحہ 9 مئی کے ذمےداروں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے۔
ابتدائی طور پر 5 فوجی عدالتیں قائم کی جائیں گی جن میں سے تین فوجی عدالتیں راولپنڈی اور دو لاہورمیں قائم کرنے کی تجویز ہے، آرمی ایکٹ کےدائرہ کار میں آنے والے کیسز کی حیثیت خصوصی ہوگی، وفاقی کابینہ ملٹری کورٹس کےقیام کی منظوری وزارت دفاع کی سمری کےذریعےدےگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ملٹری کورٹس کے فیصلوں کیخلاف ہائیکورٹس، سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں ، پہلے سے قانون اور عدالتیں موجود ہیں انہیں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔
سیالکوٹ میں فوج سے اظہار یکجہتی کےلیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم کسی کے بنیادی حقوق نہیں چھین رہے اور نہ ہی سیاسی مقاصد کے لیے قانون کا استعمال ہوگا، جن شر پسندوں کی فوجی املاک پر حملوں کی ویڈیوز ہیں ان پر مقدمات چلیں گے۔