اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سپریم کورٹ نےحق دوتحریک گوادر کےسربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں جمعرات کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کی درخواست ضمانت پر جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے سماعت کی، بینچ میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر شامل تھے ۔
دلائل سننے کے بعدعدالت نے مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا، بینچ نے مولانا ہدایت الرحمان کو 3 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا، گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کئے گئےتھے۔
اس سے قبل امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ مولانا ہدایت الرحمٰن کی رہائی کی خوش خبری دے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمٰن پر 100 فیصد جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، امید ہے سپریم کورٹ انصاف کرے گی۔