اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمرعطا بندیال کے خلاف ریفرنس لانے کی تحریک منظور کر لی ۔
پیر کو اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ چیف جسٹس کے مس کنڈکٹ کا جائزہ لے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرے، تین دو کا فیصلہ دینے والے ججز نے مس کنڈکٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو 4 لاکھ زیر التو کیسز کا جائزہ لے، پاکستان کی عالمی انصاف کے انڈیکس میں 11 پوائنٹس تنزلی ہوئی، اس کا بھی جواب دیں۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض بولے عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے۔ا لاڈلے کو ریمانڈ کے دوران عزت و احترام کے ساتھ گیسٹ ہاؤس بھیجا گیا۔ راجہ ریاض نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائےگی جس میں مختلف جماعتوں کےارکان کوشامل کیا جائے گا، جبکہ کمیٹی کی تشکیل کا اختیار اسپیکر قومی اسمبلی کو حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مختلف جماعتوں کے ارکان کمیٹی کے اختیارات سے متعلق مسودہ تیار کررہے ہیں۔