لاہور، اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) ملک کے بیشتر علاقوں میں میں انٹرنیٹ سروسز منگل کی شام سے معطل ہیں ، جبکہ یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر تک رسائی بھی روک دی گئی ہے ۔
اس سلسلہ میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سروس وزارت داخلہ کی ہدایات پرمعطل کی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیاپرجھوٹ اور پروپیگنڈے کا پھیلائو روکنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔ منگل سے معطل انٹرنیٹ سروسز بدھ کی صبح تک بحال نہیں ہو سکیں ۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ روزگرفتار کرلیا تھا جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا ۔
ملک کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ کئی علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔