اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ ) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف ، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کے وارنٹ پر رینجرز نے گرفتار کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ہائی کورٹ میں پیشی سے پہلے بائیو میٹرک کروانے کے موقع پر رینجرز نے اپنی حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق رینجرز کے ہمراہ موجود نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔ نیب کے القادرٹرسٹ کیس میں عمران خان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر پولیس اور وہاں موجود پی ٹی آئی کے وکلاء کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔
آئی جی اسلام آباد نے کے مطابق عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، حالات معمول کے مطابق ہیں، دفعہ 144 نافذ ہے، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہو گی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بھی 15 منٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہدایات لے کر فوراً بتائیں کہ یہ کام کس نے کیا ہے؟
چیف جسٹس نے کہا کہ کارروائی کرنا پڑی تو وزیرِ اعظم اور وزراء کے خلاف بھی ہو گی۔
انہوں نے استفسار کیا کہ یہ بھی بتائیں کہ کس کیس میں گرفتاری عمل میں لائی گئی؟
اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے 15 منٹ کا وقت آدھے گھنٹے تک بڑھانے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے 15 منٹ میں ہی پیش ہونے کا حکم دے دیا۔