راولپنڈی( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان نے فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ پانچ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے فخر زمان کے شاندار 180رنز کی بدولت 337 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر48.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ٹاس بابر اعظم نے جیتا اور پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ۔
پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے ۔
کیویزکی جانب سے ڈیرل مچل 119 گیندوں پر 129 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔ تاہم ان کی سنچری رائیگاں گئی اورمہمان ٹیم دوسرا میچ بھی ہار گئی ،کپتان ٹام لیتھم 98 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، اور صرف دو رنز کی کمی سے سنچری نہ بنا پائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 183 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔
چیڈ باؤزنے 51 رنز بنائے، وِل ینگ 19 اور مارک چیپ مین 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیمز نیشم 17 اور ہینری نکلس 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 جبکہ نسیم شاہ نے 1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان نے 337 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف3 وکٹوں کے نقصان پر49 ویں اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 180 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی54 رنز بنا کرناٹ آئوٹ پویلین لوٹے۔کپتان بابر اعظم 65، امام الحق 24 اور عبداللہ شفیق 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
نیوزی لینڈ کی بائولنگ پاکستانی بلے بازوں کے سامنے ناکام رہی، میٹ ہینری، ہینری شپلے اور اِیش سودی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔