کاکول( نئی تازہ رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہو گا، اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں، ہماری پہلی اور اہم ذمہ داری ریاست سے وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں ہے، ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے، انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی فرض مادر وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم مادر وطن کےدفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاک فوج اپنےاس فرض کو نبھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، دہشتگردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ہے، افواج پاکستان کے غیور اور سربکف سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے، ظاہری اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں فرق رکھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہیں ، کشمیر کئی دھائیوں سے آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
سربراہ پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔آرمی چیف نے اس موقع پر پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔