اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں عسکری اداروں کے افسران کے خلاف بات کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 اپریل کو درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اعلیٰ ادارے کے افسر پرالزامات لگائے، حساس اداروں کے آفیسرز کے نام لے کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی ۔ اپنی تقریرمیں فوجی افسران کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور فوجی افسران اوران کے اہلخانہ کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔
ایف آئی آرکے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنی تقاریر سے فوج کے مختلف گروہوں اور طبقوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔