لاہور، کراچی( نئی تازہ رپورٹ) رمضان المبارک میں بھی ملک کے متعدد علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ جاری رہنے سے شہریوں کو سحر اور افطار کے اوقات میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور،کوئٹہ، پشاور، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، میانوالی ، چکوال،گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، گجرات اور شیخوپورہ سمیت کئی علاقوں میں شہریوں کو گیس کی قلت کا سامنا ہے، حکومت کی طرف سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق کئی علاقوں میں گیس فراہم نہیں کی جارہی ۔گیس لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کم از کم رمضان میں سحر اور افطار کے اوقات میں شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی یقینی بنائے۔
کراچی کے کئی علاقوں میں بھی شہریوں کو ایسی ہی مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے شہریوں کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے سحر و افطار کے اوقات میں بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کر دی ہے۔
کراچی میں گیس لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں گیس فراہمی کی جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سحر و افطار کے اوقات میں بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔