لاہور( نئی تازہ رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ حکومت کی رٹ قائم کرنےکے لیے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے، پولیس کی طرف جو ہاتھ بڑھائےگا توڑ دیا جائےگا۔
پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ عمران خان کو پولیس کو دھمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ میں پی ٹی آئی کی طرف سے پولیس پر مسلسل تشدد کے باوجود پولیس کو روکتا رہا، زمان پارک سے پولیس کو واپس آنے کے لیے کہا اور پولیس کو کوئی کارروائی کرنے نہیں دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بہت صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، اب انہیں مزید نہیں روک سکتا، اب پولیس کی طرف جو ہاتھ اٹھایا جائے گا توڑ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سے 7 دنوں کے دوران زمان پارک کے اطراف ہونے والے واقعات پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ جے آئی ٹی کا نوٹیفیکیشن شام تک جاری ہو جائے گا ،ہ کسی کو حق نہیں کہ پولیس کو دھمکیاں دے، اگر آئی جی اور ڈی پی او پر اعتماد نہیں تو پولیس کی سیکیورٹی واپس کر دیں، یہ نہیں ہو گا کہ پولیس والوں کو گالیاں دو اور کہو کہ ہمیں سیکیورٹی بھی دو۔
نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس سے کہہ دیا ہے کہ جو ان پر انگلی اٹھائے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
نگران وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر معمولی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے ایک لاکھ اور شدید زخمی اہلکاروں کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں کارروائی عدالت سے وارنٹ لے کر کی گئی۔تاہم ابھی وارنٹ استعمال ہی نہیں ہوا ، پولیس گھر کے اس حصے میں نہیں گئی جہاں فیملی کی رہائش ہے۔